نئی دہلی:12 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) دہلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی کی سرخیوں میں چھائے محلہ کلینک پر پھر سے سیاست تیز ہو گئی ہے۔عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے کرول باغ میں بنائے گئے ایک نو تعمیر شدہ محلہ کلینک پر شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہتھوڑاچلائے جانے کے بعد حکومت اور میونسپل درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔وزیر اعلی اروند کجریوال نے بھی اس پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔دہلی میں 12 مئی کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کی یہ کارروائی سامنے آئی ہے۔عام آدمی پارٹی حکومت کی طرف کرول باغ میں بنائے گئے ’نو تعمیرشدہ محلہ کلینک میں جمعرات کو مبینہ طور پر بی جے پی کے قیادت والے شمالی میونسپل کی جانب سے کی گئی توڑپھوڑ کو لے کر دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے سخت رد عمل کا اظہارکیا۔اس کارروائی پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلی اروندکجریوال نے ٹویٹ کیاکہ دہلی میں جب لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے نکلے تو انہیں یہ یاد رکھنا چاہئے۔دہلی حکومت نے یہ محلہ کلینک بنایا تھا،بی جے پی کی قیادت والی ایم سی ڈی نے آج اسے تباہ کر دیا۔